افسانہ نمبر 704 : کام، تحریر : اورحان کمال (ترکی)، ترکی سے اردو ترجمہ : کرنل (ر) مسعود اختر شیخ
عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ) افسانہ نمبر 704 : کام تحریر : اورحان کمال (ترکی) ترکی سے اردو ترجمہ : کرنل (ر) مسعود اختر شیخ ایک روز کیمسٹری کے پیریڈ میں دروازہ بڑے زور سے کھٹکا۔ بڑا سخت ہاتھ تھا کھٹکھٹانے والے کا۔ یوں کہہ لیجئے کہ کسی بھی ڈکٹیٹر کا ہاتھ ہو سکتا تھا۔ نہایت کروفر والے ایک صاحب اندر داخل ہوئے ۔ ان کا جثہ دروازے پر دستک کے عین مطابق دکھائی دیتا تھا۔ کیمسٹری کے ٹیچر سمیت پوری کلاس یہی سمجھی کہ یہ سکولوں کے انسپکٹر صاحب ہیں۔ لاجوردی رنگ کا سوٹ، کلف لگا ہوا کالر، بالوں پر کریم لگی ہوئی ، ہاتھوں پر دستانے ، وغیرہ وغیرہ۔ ٹیچر نے زور سے کہا: "کلاس، ہوشیار!" پوری کلاس کھڑی ہو گئی ۔ کروفر والی شخصیت نے بڑی متانت سے کلاس کی طرف منہ پھیر کر ایک تجربہ کار سکول انسپکٹر کی طرح ہاتھ کے اشارے سے طلباء کو بیٹھ جانے کا کہا اور پھر ٹیچر سے اپنا تعارف کرایا: "آپ کا یہ بندہ ایک اور سکول سے ٹرانسفر ہو کر یہاں آیا ہے جناب !" ساری کلاس کو، خاص طور پر ٹیچر کو یخ کر دینے والا صدمہ ہوا۔ تو گویا یہ حضرت، یہ حضور اعلیٰ ، یہ سکول انسپکٹر کے بھیس می...