خوشونت سنگھ کا افسانہ : انٹرویو (The Interview)
عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ) افسانہ نمبر 462 : انٹرویو تحریر : خوش ونت سنگھ (بھارت) مترجم : صفدر سحر(گھڑی اختیار خان، رحیم یار خان) دروازے پر ہلکی سی دستک ہوئی، قبل اس کے کہ میں اندر آنے کا کہتا، دروازہ کھلا اور استقبالیہ پر موجود لڑکی آہستگی سے کمرے میں داخل ہوئی، دروازہ بند کیا اور میرے قریب آکر سرگوشی کرتے ہوئے کہا: "سر! کوئی مسٹر ٹاور ہیں۔ آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔ " " کیا انہوں نے ملنے کے لیے وقت لے رکھا ہے۔ " " نہیں سر! نہ ہی وہ یہ بتا رہے ہیں کہ وہ کس سلسلے میں ملنا چاہتے ہیں، بس ان کا اصرار ہے کہ وہ آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔۔۔ کیا میں کہہ دوں کہ آپ مصروف ہیں۔ " دستک ہوئے بغیر دروازہ ایک بار پھر کھلا۔ بے ڈول اور بھاری جسامت کا حامل ایک شخص جس نے ڈھیلی قمیض پہن رکھی تھی، اندر داخل ہوا۔۔۔ بھورے بالوں والی ایک ادھیڑ عمر عورت، جس کی عمر 40 سال کے لگ بھگ ہوگی اور ایک چھوٹی سی بچی بھی اس کے پیچھے پیچھے کمرے میں آگئے۔ " ہیلو! غالباً آپ صبح کی کافی پینے کا پروگرام بنارہے ہیں۔ ہمیں آپ کے ساتھ کافی پی کر بڑی خوشی ہوگی۔...