افسانہ نمبر 676 : اسنائپر ( نشانہ باز),کہانی : لیام او فلاہرٹی ، اردو ترجمہ : رومانیہ نور
افسانہ نمبر 676 : اسنائپر ( نشانہ باز) تحریر : لیام او فلاہرٹی ( آئر لینڈ ) اردو ترجمہ : رومانیہ نور ( ملتان ) جون کی طویل شام، دھیرے دھیرے رات کی تاریکی میں ڈھل گئی۔ ڈبلن اندھیرے میں ڈوبا ہوا تھا، سوائے دھندلی چاندنی کے جو چھوٹے چھوٹے روئی کے گالوں جیسے بادلوں کے درمیان سے جھانکتی، گلیوں اور لیفی ندی کے سیاہ پانیوں پر صبح کے دھندلکے جیسا ہلکا نور بکھیر رہی تھی۔ چاروں طرف سے محصور فور کورٹس پر بھاری توپوں کی گرج گونج رہی تھی۔ کہیں کہیں شہر میں، رات کی خاموشی کو مشین گنوں اور رائفلوں کی بے ترتیب فائرنگ توڑ رہی تھی، جیسے سنسان کھیتوں میں کہیں کتے بھونکتے ہوں۔ ری پبلکن (جمہوریہ نواز) اور آزاد ریاست کے حامی ایک دوسرے کے خلاف صف آراء خانہ جنگی میں مصروف تھے ۔ او’کونل پل کے قریب ایک چھت پر، ایک جمہوریہ نواز اسنائپر نظر جمائے لیٹا ہوا تھا۔ اس کے پہلو میں اس کی بندوق رکھی تھی، اور کندھے پر دوربین کا جوڑا لٹک رہا تھا۔ اس کا چہرہ طالبعلم جیسا تھا ٫ دبلا پتلا، تنا ہوا ٬ مگر اس کی آنکھوں میں جنون کی ایک سرد چمک تھی۔ وہ گہری سوچ میں ڈوبی آنکھیں تھیں ٬ ...