افسانہ نمبر 786 : رنگ اور شکلیں || مصنف: البرٹو موراویا (اٹلی) || اردو ترجمہ: شگفتہ گمی لودھی
افسانہ نمبر 786 : رنگ اور شکلیں مصنف: البرٹو موراویا (اٹلی) اردو ترجمہ: شگفتہ گمی لودھی معاملہ کچھ یوں شروع ہوا: آدھی رات کے بعد، حسبِ معمول میں اپنے کتے کو ہوا خوری کے لیے گھر سے باہر لے گیا۔ میرے گھر سے کچھ فاصلے پر گھنے درختوں والا ایک چھوٹا سا پارک ہے؛ کچھ راتوں سے یہ پارک تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے کیونکہ آوارہ لڑکوں نے اس کے قمقمے توڑ دیے ہیں۔ یہ جگہ چند طوائفوں کے انتظار گاہ یا یوں کہیے کہ ان کا اڈا ہے۔ یہ تمام تر جزئیات بہت اہم ہیں، آپ کو جلد ہی معلوم ہو جائے گا کہ کیسے۔ ہاں، میں سڑک پر آگے بڑھا، کتے کا پٹہ کھولا اور اسے آزاد چھوڑ دیا تاکہ وہ کیاریوں میں اچھل کود کر سکے۔ تاہم، میں دور سے اس پر نظر رکھے ہوئے تھا۔ میری توجہ پارک کی جانب مبذول ہوئی۔ یہ مطلق تاریکی سے بنا ہوا ایک چوکور حجم تھا۔ میں اس میں داخل ہوا؛ کتا جو اپنی تھوتھنی سے زمین پر ادھر ادھر سونگھ رہا تھا، بمشکل دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن پارک کے اس پار، شاخوں اور جھاڑیوں کے درمیان، ایک حصہ اس قمقمے کی روشنی سے منور تھا جو آوارہ لڑکوں کے ہاتھوں محفوظ رہ گیا تھا۔ ایک مکان کی زیریں منزل اپنی کھڑکی...