Posts

Showing posts from April, 2026

انتخاب افسانہ نمبر 736 : غسل || تحریر : جینیٹ فریم (نیوزی لینڈ)|| اردو ترجمہ : حنظلہ خلیق (لاہور)

Image
  عالمی ادب کے اردو تراجم (انتخاب افسانہ) انتخاب افسانہ نمبر 736 : غسل   تحریر :   جینیٹ فریم (نیوزی لینڈ) اردو ترجمہ : حنظلہ خلیق (لاہور)   جمعے کی دوپہر اس نے نرگس، انیمون، کے تازہ پھول اور سرخ گلاب کی چند شاخیں خریدیں ، جو گلابی موم کے کاغذ میں لپٹی ہوئی تھیں، کیونکہ ہفتے کے دن اس کے شوہر کی وفات کو سترہ برس مکمل ہو رہے تھے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی وہ ان کی قبر پر جانے کا ارادہ رکھتی تھی، جہاں وہ خود جھاڑ جھنکار صاف کرتی، اور کتبے کے دونوں جانب رکھے مربے والے دو مرتبانوں میں تازہ پھول سجاتی۔ لیکن اس سال یہ معمول کی سی ملاقات کچھ زیادہ ہی اس کے ذہن پر سوار تھی۔ اس نے ان پھولوں کو اسی لیے خریدا تھا تاکہ خود کو اس سفر پر مجبور کر سکے...ایسا سفر جو ہر گزرتے برس کے ساتھ کچھ زیادہ دشوار ہوتا جا رہا تھا: بس اسٹاپ تک پیدل چلنا، آکٹاگون پر بس تبدیل کرنا، اور پھر ان قبروں کی قطاروں پر کھلے سمندر کی جانب سے آتی بےرحم ہواؤں کا سامنا کرنا؛ اور واپسی کے وقت وہ تھکن جو اسے اس قدر گھیر لیتی کہ وہ چاہتی، بس یہیں کہیں قبروں کے پہلو میں، نرم گھاس پر لیٹ جائے اور سو جائے۔...