افسانہ نمبر 708 : لاولی ایکسٹینشن کا اجنبی || تحریر : آر کے نارائن (بھارت) || اردو ترجمہ : رومانیہ نور (ملتان)
افسانہ نمبر 708 : لاولی ایکسٹینشن کا اجنبی تحریر : آر کے نارائن (بھارت) اردو ترجمہ : رومانیہ نور (ملتان) باتونی آدمی کہنے لگا: ’’بہت برس پہلے میری ایک دکان تھی۔ اُن دنوں ( Lawley extension ) لاولی ایکسٹینشن آج جیسا آباد علاقہ نہیں تھا ۔ وہاں سو سے بھی کم گھر ہوا کرتے تھے۔ چونکہ مارکیٹ روڈ کم از کم ایک میل دور تھا، اس لیے ایکسٹینشن کے لوگ مجھے نجات دہندہ سمجھنے لگے جب میں نے ایک چھوٹی سی عمارت لے کر ایک مبارک دن اس پر ایک بڑا سا بورڈ آویزاں کیا جس پر لکھا تھا: نیشنل پروویژن اسٹورز۔ میں خود گھر گھر گیا اور آرڈر لیے۔ میں نے حقیقتاً ایکسٹینشن کے ہر گھر کی رسوئی جھانکی اور جہاں جہاں کمی دیکھی، وہاں سامان فراہم کیا۔ جب ایکسٹینشن ایلیمینٹری اسکول میں دوپہر کی چھٹی ہوتی تو بچے جوق در جوق میری دکان پر ٹوٹ پڑتے اور جو کچھ مٹھائیاں، ربنیں اور اسٹیشنری کی دلکش چیزیں میرے پاس ہوتیں، سب اُچک لے جاتے۔ میں روزانہ پچیس روپے کا اُدھار اور دس روپے نقد سودا کر لیتا تھا۔ اس سے کم از کم پچاس روپے مہینے کی آمدنی ہو جاتی تھی۔ ہم نے صرف پانچ روپے کرایے پر کبیر...